اسلام آباد –
سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے والی چترال کی معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے جی-13 میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے رشتہ داروں کے گھر پر موجود تھیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، نامعلوم حملہ آور گھر میں داخل ہوا اور ثنا یوسف پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس اور تفتیشی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکھٹے کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ثنا یوسف کون تھیں؟
ثنا یوسف کا تعلق اپر چترال کے علاقے چوئنج سے تھا۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب ٹک ٹاکر تھیں بلکہ ایک فعال سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹر بھی مانی جاتی تھیں۔ ان کے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر لاکھوں فالوورز تھے، جن میں زیادہ تر نوجوان شامل تھے۔
ثنا یوسف، معروف سماجی کارکن اور تحریک تحفظ حقوق چترال کے سرگرم رہنما یوسف حسن کی صاحبزادی تھیں۔ انہوں نے کم عمری میں سوشل میڈیا کے ذریعے شہرت حاصل کی اور خواتین کے حقوق، تعلیم اور چترال کی ثقافت کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہیں۔
قتل کی وجوہات تاحال نامعلوم
تاحال ثنا یوسف کے قتل کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں اور نہ ہی ملزم کی شناخت ہو سکی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ مقتولہ کے خاندان اور سوشل میڈیا صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے